کراچی : تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج گرفتار

Published On 12 March,2023 09:03 am

کراچی : (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری کراچی اور رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج کو گرفتار کر لیا۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق رکن سندھ اسمبلی  ارسلان تاج کو ان کی رہائش گاہ گلشن اقبال سے گرفتار کیا گیا ہے ، ارسلان تاج کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ایم پی اے ارسلان تاج کی رہائی کا مطالبہ

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ارسلان تاج کے گھر تین پولیس کی گاڑیاں آئیں جس میں سادہ لباس کپڑوں میں پولیس اہلکار تھے وہ گھر میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔

ارسلان تاج کی والدہ کا بیان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ارسلان تاج کی والدہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صبح 6 بجے کے قریب پولیس والے آئے ، ارسلان کو کہاں لے کر گئے ہیں کچھ نہیں پتا، پولیس والوں نے چادر اور چاردیواری کا خیال نہیں کیا اور بغیر وارنٹ کے پولیس نے ہمارے گھر میں چھاپہ مارا اور ان کے ساتھ کوئی خاتون اہلکار بھی نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہمارے گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی ہے، 20 سے 25 لوگ تھے جنہوں نے ارسلان کو اٹھایا، میرا بیٹا معصوم انسان ہے کوئی دہشتگرد نہیں۔

رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر کے گھر پرچھاپہ

دوسری جانب کراچی میں پولیس کی جانب سے فجر کے وقت  رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے راجا اظہر کی فیملی کو ہراساں کیا گیا ، کراچی پولیس کے چھاپے کے وقت ایم پی اے راجا اظہر گھر پر موجود نہیں تھے۔ 

 

یہ بھی پڑھیں :لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی ہر صورت روکنے کا فیصلہ، رینجرز طلب

خرم شیر زمان کی مذمت

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے اپنی جماعت کے رکنِ سندھ اسمبلی ارسلان تاج کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں خرم شیر زمان نے اس حوالے سے سوال اٹھایا ہے کہ کیا پولیس نے ارسلان تاج کو گرفتار کرنے سے قبل اسپیکر سے اجازت لی تھی ؟ ایک رکنِ اسمبلی کو گرفتار کرنے سے پہلے قواعد طے کیے جاتے ہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارسلان تاج کو فوری رہا کیا جائے ۔

حلیم عادل شیخ کی مذمت

قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ کی جانب سے اراکین اسمبلی ارسلان تاج کی گرفتاری اور راجا اظہر کے گھر پولیس چھاپے کی مذمت کی گئی ہے ۔

حلیم عادل شیخ کاکہنا تھا کہ سندھ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر ہمارے لوگوں کو گرفتار کروارہی ہے زرداری مافیا کے خلاف بات کرنے پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں ، انتقامی کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک ایک انقلاب ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف نے ارسلان تاج کی گرفتاری کی مذمت کی ہے تاہم سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج دوپہر دو بجے لاہور میں انتخابی ریلی نکالنے کا بھی اعلان کر رکھا ہے ۔

Advertisement