نظام عدل انصاف نہیں دے سکتا، اس کو بدلنا پڑے گا: خواجہ سعد رفیق

Published On 12 March,2023 05:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین بالاتر نہیں ہو سکا، جمہوریت کو ریموٹ کنٹرول سے چلانے کی کوشش کی گئی، جمہوریت کو زنجیریں ڈالی گئیں، گند کھل کر سامنے آنا ہی آنا تھا، سازش کبھی چھپی نہیں رہ سکتی، پاکستان کی جمہوری جماعتوں کا مقدمہ پیش کر رہا ہوں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اتفاق رائے کے بغیر اسمبلی کا ایک حلقہ نہیں چلتا، بعض لوگ کہتے ہیں اتفاق رائے کے بغیر پورا ملک چلائیں گے، ہمیں اپنی آواز کو عام آدمی کے حق میں استعمال کرنا ہے، تمام تر سازشوں کے باوجود عوام نے مجھے اپنے حلقے میں کامیاب کیا، ہمیں گرانے کیلئے نواز شریف کو جان بوجھ کر جیل میں ڈالا گیا۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ نواز شریف کو نااہل کرنا سازش تھی فیصلہ نہیں تھا، اس ملک میں ایک تماشہ لگایا گیا ہے، ایکسٹیشن کے وقت اس ملک کو داؤ پر لگا دیا جاتا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم سچ بولنے سے باز آجائیں، حکومتیں کیا ہوتی ہیں، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، گزشتہ 4 سال ملک میں تماشہ لگایا گیا، یہ نظام عدل ملک کو انصاف نہیں دے سکتا، اس نظام عدل کو بدلنا پڑے گا۔
 

Advertisement