نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تحریک انصاف کے 4 سالہ دور میں ہونے والی کرپشن کو منظر عام پر لے کر آئے گی۔
نارنگ منڈی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے اداروں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں، جس طرح عمران خان نے سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں کو ٹارگٹ کیا اس کی پاکستانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، عمران خان نے سعودی عرب، چائنہ سمیت تمام دوست ممالک کو ناراض کر دیا۔
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے ریکارڈ کو چھپایا جبکہ شہباز شریف نے توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کیا ہے، لوگوں کے پاس دو وقت کی روٹی کھانے کیلئے پیسے نہیں اور الیکشن کمیشن 50 ارب روپے مانگ رہا ہے، جب بھی الیکشن ہوئے مسلم لیگ (ن) انشاء للہ کلین سویپ کرے گی، تحریک انصاف نے 4 سالوں میں کرپشن کے ریکارڈ بنائے۔