بھارتی ایئر لائن کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

Published On 13 March,2023 09:15 am

کراچی: (دنیا نیوز) بھارتی ایئر لائن کے طیارے کو دوران پرواز مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی نجی ایئرلائن کی فلائٹ نئی دہلی سے قطر کے دارالحکومت دوحا جا رہی تھی، دوران پرواز مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

میڈیکل ایمرجنسی کے پیش نظر بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، لینڈنگ کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کا معائنہ کیا۔

سی اے اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کا مسافر لینڈنگ سے قبل ہی دوران پرواز انتقال کر گیا تھا، مسافر نائیجیریا کا شہری ہے۔

سی اے اے اور وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا، بھارتی طیارہ واپس اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔

 

Advertisement