الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کا آلہ کار بنا ہوا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

Published On 10 March,2023 12:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کا آلہ کار بنا ہوا ہے، آج تک کراچی کی 6 یوسیز کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹوں اور یوسیز کے لحاظ سے جماعت اسلامی سب سے زیادہ کامیاب جماعت ہے، 4 سے 5 یوسیز ایسی ہیں جس کے ثبوت الیکشن کمیشن کو دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کا سیاسی آلہ کار بنا ہوا ہے جو مسلسل پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہا ہے، جب آپ فرائض پورے نہیں کریں گے تو آپ تنقید سے بالاتر نہیں، آج تک 6 یوسیز کا فیصلہ نہیں ہوا، ہمیں زبردستی کا نتیجہ نہیں چاہیے، ہم اصل نتیجہ چاہتے ہیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرائے، الیکشن کمیشن عوام اور دستور کے مطابق تمام اداروں کو جوابدہ ہے، 11 یوسیز کے انتخابات کا اعلان کیوں نہیں کیا جا رہا؟

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ ان 11 یوسیز میں انتخابات نہ ہوں، پیپلز پارٹی کو نظر آرہا ہے کہ ان کی شکست یقینی ہے۔
 

Advertisement