11 یوسیز میں انتخابات کرانے سے متعلق جماعت اسلامی کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز

Published On 09 March,2023 12:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کے روبرو 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل درخواست گزار عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ 11 نشستوں پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات نہیں ہوئے تھے، امیدواروں کے انتقال اور دیگر وجوہات کی بنا پر انتخابات نہیں کرائے گئے، 11 نشستوں پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا گیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن 11 نشستوں پر انتخابات کرانے سے گریز کر رہا ہے، میئر شپ کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے فوری انتخابات کروائے جائیں، الیکشن کمیشن کو فوری 11 نشستوں پر انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 10 روز میں جواب طلب کر لیا۔
 

Advertisement