لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر آج ہی تعمیل کروائے جانے کا امکان ہے جس کیلئے پولیس کی نفری زمان پارک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس کی نفری زمان پارک پہنچی ہے، زمان پارک جاتے ہوئے پولیس کے دو افسران نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے، پلے کارڈز کے اوپر نوٹس موصول کروانے کے حوالے سے تحریر موجود تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور پہنچے ہیں، پولیس کی بکتربند گاڑی زمان پارک پہنچا دی گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کارکنان بھی زمان پارک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد پولیس کی لاہور آمد کے بعد سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔