لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کا عدالتی افسران کے ذریعے انعقاد کرانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھ کر ان سے انتخابات کیلئے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کی استدعا کر دی۔
فواد چودھری نے کہا کہ شفافیت کے پیش نظر انتخابات ہمیشہ عدالتی افسران پر مشتمل ڈی آر اوز اور آر اوز کے ذریعے ہی کروائے جاتے ہیں، انتخابات کے انعقاد کیلئے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کیلئے الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد کئے جانے پر تحریک انصاف حیرت و تشویش کاشکار ہے۔
خط میں کہا گیا کہ وفاقی اور پنجاب کی نگران حکومتیں تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کو نشانِ انتقام بنانے کیلئے ہر حد سے گزر رہے ہیں، انتخابات سے دور رکھنے کیلئے تحریک انصاف کے قائدین کو جعلی اور جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن بھی اپنی غیر جانبداریت برقرار رکھنے میں ناکام ہوا ہے۔
فواد چودھری نے زور دیا کہ عدالتی افسران کے بجائے اگر حکومت کے ماتحت افسران کو انتخابات کا انعقاد سونپا گیا تو ان کی شفافیت کے امکانات خاک میں مل جائیں گے اور عوام بھی انہیں قبول نہیں کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ دھاندلی و بدعنوانیوں کے تدارک اور آزادانہ، منصفانہ و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے عدلیہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
فواد چودھری نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد کئے جانے کے فیصلے پرنظرثانی فرمائیں، 30اپریل کو پنجاب میں ہونے والے انتخابات کے انعقاد کیلئے ماتحت عدلیہ سے افسران کی نامزدگیوں کے حوالے سے رجسٹرار کو مناسب ہدایات جاری کریں۔