اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنے کارکنان اور پولیس والوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں، ایک خود غرض لیڈر ہی لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ کسی بھی سیاسی لیڈر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے کبھی اتنا تماشہ نہیں لگایا جتنا ڈرپوک خان نے لگایا ہے، قانون کی حکمرانی کا پرچار کرنے والے عمران خان اور ان کی ڈنڈا بردار فورس کل سے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) March 15, 2023
انہوں نے کہا کہ باعزت طریقے سے گرفتاری دینے سے سیاستدان کے قد میں اضافہ ہوتا ہے، ہمارے قائدین نے ہمیشہ اپنے کارکنان اور چاہنے والوں کا مان رکھا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور دیگر نے ہمیشہ ہنستے ہوئے قانون اور عدالت کا سامنا کیا اور گرفتاریاں دیں۔
شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور گرفتاری سے چھپ کر عمران خان نے اپنا مذاق اڑایا ہے، کون سا سیاسی قائد اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے کارکنان اور عورتوں کو ڈھال بناتا ہے؟، تحریک انصاف نے کل سے زمان پارک کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔