اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے علی حیدر گیلانی اور دیگر کیخلاف سینیٹ انتخابات میں مبینہ رشوت دینے کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ رشوت دینے پر علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن جمیل کے خلاف فوجداری کارروائی کا کیس قابل سماعت قرار دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، ملزمان علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن جمیل عدالت سے غیر حاضر رہے جبکہ ملزمان کے وکیل ان کی طرف سے پیش ہوئے، عدالت نے تینوں ملزمان کو 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 اپریل تک ملتوی کر دی، الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ کے تحت علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور کیپٹن جمیل کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد سے جنرل نشست پر امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔
اس ویڈیو میں وہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ایک رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے، علی حیدر گیلانی دوسرے شخص کو بیلٹ پیپر پر دو جگہ نشان لگانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ نمبرز یاد رکھنے ہیں۔