وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی صدر یو این اسمبلی سے ملاقات

Published On 10 March,2023 08:38 am

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے صدر یو این جنرل اسمبلی کاسابا کوروسی سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی شراکت سے اسلامو فوبیا سے متعلق تقریب پر بھی بات کی۔

اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کی مناسبت سے ہونے والی تقریب کا اہتمام وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے ساتھ اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آئندہ اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس 2023 پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے یو این جی اے کے صدر کو پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

یاد رہے کہ آبی کانفرنس 22 مارچ سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوگی۔

دوسری جانب وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکا کے اہم دورے پر ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر مظالم پر بات کی ہے۔
 

Advertisement