عمران خان نے ملکی بہتری کیلئے کام نہیں کیا، خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں: بلاول بھٹو

Published On 26 February,2023 06:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عام آدمی کیلئے الگ اور مقدس گائے والے کیلئے الگ قانون ہے، کرپشن ہر جگہ ہے، پارلیمان اور عدلیہ میں بھی ہے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب منا رہی ہے، ذوالفقار علی بھٹو آئین پاکستان کے بانی ہیں، آئین عوام اور ریاست کے درمیان ایک معاہدہ ہے، پاکستان جمہوریت پسندوں کا ملک ہے اس لیے جمہوری آئین ہے، اپنے نمائندوں کا انتخاب عوام کا حق ہے، ملک میں حکمرانی کا فیصلہ عوام اپنے ووٹ سے کرتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ 73 کا آئین عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے، آئین ہم نے بنایا ہے ہم ہی دفاع کریں گے، شہید بے نظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت کیلئے بنیادی کردار ادا کیا، ایک سلیکٹو کو لانچ کیا گیا، غیر جمہوری قوتوں کو جگہ ملی، بے نظیر بھٹو سیاسی مخالفین سے مذاکرات پر یقین رکھتی تھیں، شہید نے جمہوری استحکام کیلئے جدوجہد کی، گزشتہ 3 سال میں ملک کو پہنچنے والے نقصان کے اثرات اب بھی ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو عدم اعتماد کے ذریعے آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایک سلیکٹو کو گھر بھیجا، عمران خان نے ذاتی مفاد کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچایا، ان کی نااہلی سے ملک کو نقصان پہنچا، سابق وزیراعظم نے اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی، عمران خان نے ملک اور قوم کی بہتری کیلئے کام نہیں کیا، گزشتہ حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں، انہوں نے اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے غیر جمہوری قوتیں فائدہ اٹھاتی ہیں، دہشت گرد اندرونی عدم استحکام کا فائدہ اٹھاتے ہیں، آج مسائل کا حل نکالنے کی کوشش نہیں کریں گے تو بحران کا سامنا کرنا پڑے گا، تمام موجودہ مسائل کا حل آئین میں موجود ہے، ہم سب کو مل بیٹھ کا مسائل کا حل نکالنا ہوگا، آج پاکستان کے عوام پارلیمان اور عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، عدالت زمان پارک کے وزیراعظم کا ایک ہفتہ انتظار کرتی ہے۔
 

Advertisement