پاکستان ہنگری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے، بلاول بھٹو

Published On 22 February,2023 10:44 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے اور وہ ہنگری سے اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

ہنگری کے دورے کے موقع پر اپنے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں، دورے کے دوران ہنگری میں اعلیٰ تعلیم کے لئے پاکستانی طلباءکے وظائف پر بات ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کا دورہ ہنگری پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، انہوں نے دورے کی دعوت پر ہنگری کے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لئے سہولتی کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے: وزیر خارجہ بلاول بھٹو

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری نے آج مفاہمت کی تین یادداشتوں پر بھی دستخط کئے ہیں، جن میں سے ایک کھیلوں میں تعاون، سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون قائم ہو گا، پاکستان اور ہنگری کی فارن سروس اکیڈمیاں ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو تربیت فراہم کریں گی جبکہ تیسری مفاہمتی یادداشت کا تعلق ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبا کے لئے دستیاب سکالرشپس کو بڑھانا ہے، انہوں نے کہا کہ ہنگری کی حکومت کا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان مفاہمت کی اس یادداشت کے نتیجے میں سکالرشپس کی تعداد 2 سو سے بڑھ کر 4 سو ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بھی فروغ دیا جائے گا، دونوں ملکوں کے درمیان زبردست باہمی مشاورت ہوئی جس سے مختلف مواقع پیدا ہوں گے۔

Advertisement