ن لیگ، پی پی قیادت اپنے کیسز ختم کرا لے ورنہ حقیقی جیل جانا پڑیگا: شیخ رشید

Published On 19 March,2023 11:46 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت اپنے کرپشن کے کیس 30 اپریل تک ختم کرالیں ورنہ اصلی اور حقیقی جیل جانا پڑے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں الیکشن کا فیصلہ ہو جائے گا پھر الیکشن کمیشن جانے اور سپریم کورٹ جانے، عمران کو طاقت سے نہیں نکالا جا سکتا، 90 دن میں نگران حکومت ختم ہو جائے گی، 13 کے ٹولے کے پاس صوبوں میں کاغذات جمع کرانے کے ممبر بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکر ہے زمان پارک سے کلاشنکوف نکلی، توپ نہیں، کسی کو احساس نہیں کہ غریب ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر رہا ہے، نوازشریف کا انتظار کرتے کرتے لوگ تھک جائیں گے، کل مری میں سیشن جج عارف نسیم نے حکومت کی میری گرفتاری ضمانت منسوخی کو خارج کر دیا، کل فائل زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا، یہ وقت ہی بتائے گا۔

سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور چین نے جھنڈی کرا دی ہے، دونوں پاکستان سے اکنامک رفام کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں، اسحاق ڈار صاحب 3 ماہ تک مذاکرات مکمل نہ کرا سکے، ڈالر 200 کا کروانے آئے تھے 300 کا کر دیا، مئی تک ٹھنڈی چھاؤں میں بیٹھیں اب اجلاس مارچ کے بجائے اپریل تک موخر ہوگیا ہے، انفرادی ووٹنگ امریکہ کے پاس ہے جس کا پاکستان پر شدید دباؤ ہے۔

 

Advertisement