بلاول بھٹو نے پاکستان کے خارجہ امور کو نئی زندگی دی: فیصل کریم کنڈی

Published On 19 March,2023 06:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے خارجہ امور کو نئی زندگی دی ہے۔

شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر خارجہ کا منصب عالمی دنیا میں پاکستان کا بیانیہ پہنچانا ہے، بلاول کے بیانیہ سے بھارت کو تکلیف لاحق ہے، عالمی دنیا وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے نقطہ نظر سے اتفاق کر رہی ہے، وزیر خارجہ نے عالمی سطح پر پاکستان کے دوست ممالک میں اضافہ کیا ہے۔

وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران نیازی کی نالائقی کی وجہ سے پاکستان عالمی دنیا میں تنہائی کا شکار تھا، مودی نے مقبوضہ کشمیر پر جارحیت کی تو شاہ محمود قریشی سفید چادر اوڑھ کر سوئے ہوئے تھے، وہ اپنی ذمہ داریاں بھول کر مریدوں سے نذرانہ وصول کرتے رہے، شاہ محمود قریشی نالائق تھے اس لیے ان سے وزارت خارجہ واپس لے لی گئی تھی۔