اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عدالت کے نوٹسز پر اگر عمران خان پیش ہو جاتے تو یہ صورتحال نہ ہوتی، زمان پارک جانے والے پولیس والوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا ناقابل برداشت ہے، عدالت کے حکم کے باوجود عمران خان کی گرفتاری نہیں ہو سکی، عمران خان انتشار کو ہوا دینے کے بجائے قانون کا سامنا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نیازی سیاستدان نہیں شدت پسند ہے، شازیہ مری
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ کیا عمران خان کو سڑکوں پر ریلی کے دوران کوئی خطرہ نہیں، عدالت پیش ہونے میں خطرہ ہے، اگر ادارے اتنے بے بس ہوں گے تو کیا ریاست چلا پائیں گے، کیا آئندہ سے عدالتیں حکم دینا بند کر دیں؟، اپنے قومی اداروں پر پٹرول بم برسا کر ہم کیا میسج دے رہے ہیں، ہم سب کو سوچنا ہوگا ریاست اس طرح نہیں چل سکتی۔