اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ آئین کا تمسخر بنانے والوں کو روکنا ہوگا۔
سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نے پاکستان بنانے کے بعد اس کا حلیہ بگاڑا، 22 گریڈ کا افسر سیاست دان کو کمزور دیکھ کر خود اقتدار پر قابض ہوگیا، ضیاء الحق کہاں سے آیا آئین تو موجود تھا۔
انہوں نے کہا صدر 58 ٹو بی کے ذریعے وزیراعظم اور اسمبلی کو گھر بھیجنے کا اختیار استعمال کرتا رہا، آج بھی پارلیمنٹ کو کمزور دیکھا جا رہا ہے، آئین کے ذریعے نکلا ہوا آدمی آج گھمسان پیدا کر رہا ہے، عدلیہ نے 4 مارشل لاء کی حمایت کی اور پھر معافی مانگی۔
نثار کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ آج الیکشن کے نظام کو تباہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، دو صوبوں میں الیکشن ہونے سے کیا معیشت ٹھیک ہوجائے گی؟۔