اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے بھی جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامی آرائی پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔
اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز کے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس نے ان کے گھر کی تلاشی بھی لی، پولیس کی جانب سے شبلی فراز کے اہلخانہ اور ملازمین کو ہراساں کیا گیا، تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسلام آباد میں موجود نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مینار پاکستان جلسے سے قبل پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دیں
اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے، آئی ٹین سے مقامی 4 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا، تھانہ پھلگراں کے علاقے سے بھی کارکن کو پکڑا گیا، حراست میں لیے گئے کارکنوں کو تھانہ گولڑہ، سی ٹی ڈی منتقل کر دیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر شبلی فراز کے گھر پولیس کے چھاپے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، چیئرمین سینیٹ نے کہا پولیس چادر اور چار دیواری کا احترام کرے، شبلی فراز رکن سینیٹ ہیں، آئی جی اسلام آباد فوری طور پر واقعے کی تفصیلی رپورٹ دیں۔