لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا ہے تاہم ان کی گھر میں عدم موجودگی کے باعث گرفتاری ممکن نہ ہو سکی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس 25 مئی کی تاریخ دہرا رہی ہے اور ایک بار پھر ہمارے گھروں پر حملہ آور ہے، پولیس ہمیشہ کی طرح بغیر کسی وارنٹ کے ہمارے گھر کے باہر موجود ہے ۔
پنجاب پولیس 25 مئی کی تاریخ دہرا رہی ہے اور ایک بار پھر ہمارے گھروں پر حملہ آور ہے. پولیس اس وقت ہمارے گھر کے باہر موجود ہے اور ہمیشہ کی طرح بغیر کسی وارنٹ کے pic.twitter.com/sWwyfLgeM1
— Musarrat Cheema (@MusarratCheema) March 19, 2023
مسرت جمشید چیمہ نے اپنے گھر کے باہر کھڑی پولیس کی نفری کی ویڈیو بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی۔
اپنے ایک اور پیغام میں مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ بغیر کسی وارنٹ کے خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کے لئے درجنوں پولیس والے ہمارے گھر کے باہر موجود ہیں۔
بغیر کسی وارنٹ کے خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے درجنوں پولیس والے ہمارے گھر کے باہر موجود ہیں. pic.twitter.com/HcykzEDaoV
— Musarrat Cheema (@MusarratCheema) March 19, 2023
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا ، ان کے اہلخانہ کے مطابق سابق وفاقی وزیر گھر پر نہیں تھے اور پولیس کافی دیر گھر کے باہر موجود رہنے کے بعد واپس چلی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز کے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس نے ان کے گھر کی تلاشی بھی لی، تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسلام آباد میں موجود نہیں تھے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر شبلی فراز کے گھر پولیس کے چھاپے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، چیئرمین سینیٹ نے کہا پولیس چادر اور چار دیواری کا احترام کرے، شبلی فراز رکن سینیٹ ہیں، آئی جی اسلام آباد فوری طور پر واقعے کی تفصیلی رپورٹ دیں۔
اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے، آئی ٹین سے مقامی 4 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا، تھانہ پھلگراں کے علاقے سے بھی کارکن کو پکڑا گیا، حراست میں لیے گئے کارکنوں کو تھانہ گولڑہ، سی ٹی ڈی منتقل کر دیا گیا۔