لاہور : (دنیا نیوز ) لاہورہائیکورٹ نے دو مقدمات میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر کاروائی کل دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بنچ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر آپکو ریلیف چاہیے تو کل دوپہر دو بجے تک عمران خان کمرہ عدالت میں موجود ہونا چاہیے ۔
جسٹس شہباز رضوی نے کہا کہ یہ نہیں ہو گا کہ سماعت ملتوی کی جائے اور عمران خان آ رہے ہیں ،انہوں نے استفسار کیا کہ کیا درخواستوں پر دستخط عمران خان کے ہیں ؟ عمران خان کے درخواستوں پر دستخط بظاہر سکین لگتے ہیں ، جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ دونوں دستخط عمران خان کے ہیں لیکن scanned ہیں۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کل تک عمران خان کی درخواست پر کارروائی ملتوی کی جائے ۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی میں درج مقدمات میں ضمانت کے لیے درخواستیں دائرکیں تھیں ، عمران خان نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتا ہوں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔