لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دینے کی درخواست پر حکومتی وکلاء کو ہدایات لے کر آج ہی عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس عابد عزیز شیخ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل عمران خان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے پاس آج کی تاریخ تک کوئی سکیورٹی نہیں ہے، اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے کہا کہ عمران خان کی سکیورٹی بارے مزید چار پٹیشن دائر کیں جو جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی۔
جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے ٹی او آرز بن تو گئے تھے، جس پر اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے کہا کہ میں سارا دن کل زمان پارک میں رہا وہاں ایک بھی پولیس اہلکار نہیں ہے۔
جسٹس عابد نے ریمارکس دیئے کہ میرے پاس کیس بطور سابق وزیر اعظم عمران کی سکیورٹی کا ہے جس پر حکومت کہہ رہی ہے کہ سکیورٹی موجود ہے اور آپ کہہ رہے ہیں سکیورٹی نہیں ہے، گھر کے باہر اور جب وہ ’’موو‘‘ کرتے ہیں تو ان کے ساتھ کیا سکیورٹی ہوتی ہے، حکومت یہ بتائے اور انڈر ٹیکنگ دے۔
اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے بتایا کہ پرسوں پولیس والوں نے عمران خان کے گھر کے دروازے توڑ دیئے۔
عدالت نے حکومتی وکلاء کو ہدایات لے کر آج ہی عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 12 بجے تک ملتوی کر دی۔