اسلام آباد: (دنیا نیوز) خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطلی میں 24 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں خاتون جج زیبا چودھری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت سابق وزیراعظم عمران خان کے جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ سینئر وکیل لاہور سے آرہے ہیں، سماعت میں وقفہ کیا جائے جس پر عدالتی عملے نے سماعت کے لیے 11 بجے کا وقت دے دیا۔
بعد ازاں سماعت کا وقت شروع ہوا تو دونوں طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا اور ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی اور عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24 مارچ تک توسیع ہوگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے تھے اور انہیں آج 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانامجاہد رحیم نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔