لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دینے کے حوالے سے درخواست کی سماعت ہوئی۔
جسٹس عابد عزیز شیخ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، شاہ محمود قریشی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے عمران خان کو سکیورٹی فراہم نہیں کی ان کی سکیورٹی کیلئے متعلقہ فورم پر رجوع بھی کیا ہے، جس پر معزز جج نے ریمارکس میں کہا کہ سکیورٹی عمران خان کا قانونی حق ہے وہ ان کو ملنی چاہیے، عمران خان سابق وزیراعظم ہیں۔
جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ 123 پولیس اہلکار سابق وزیر اعظم عمران خان کی سکیورٹی پر مامور ہیں، سول کپڑوں اور یونیفارم میں اہلکار تعینات ہیں باقی میں مزید نہیں جانتا، جسٹس عابد عزیز شیخ نے کہا یہ تو کوئی بات نہ ہوئی آپ نہیں جانتے، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا اس وقت 38 سکیورٹی اہلکار عمران خان کے ساتھ تعینات ہیں، سکیورٹی اہلکار 3 شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے عدالت کو مزید کہا کہ پولیس افسران اور سرکاری وکیل غلط بیانی کر رہے ہیں، عمران خان کے ساتھ ابھی کوئی سکیورٹی نہیں ہے، ہمیں سکیورٹی اہلکاروں کے ناموں کی لسٹ فراہم کر دیں، جس کے بعد عدالت نے عمران خان کے وکلاء کو سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔