آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام: شیخ رشید پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

Published On 21 March,2023 11:02 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام کے کیس میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد پر فرد جرم کی کارروائی 14 اپریل تک موخر کر دی گئی۔

 

شیخ رشید کے وکیل کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث فرد جرم آج عائد نہ ہو سکی، جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے احکامات جاری کئے۔

قبل ازیں شیخ رشید احمد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں پیش ہوئے، عدالت نے شیخ رشید کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔

دوران سماعت ڈسٹرکٹ جج نے استفسار کیا کہ کیا مقدمے کا چالان آگیا ہے، سرکاری وکیل نے بتایا کہ مقدمے کا چالان آچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:زرداری پر عمران کے قتل کی سازش کا الزام، شیخ رشید پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی

شیخ رشید نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میرے وکیل آج سپریم کورٹ میں ہیں اس لئے آج پیش نہیں ہوسکے، مقدمہ ختم کرنے کے حوالے سے درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

عدالت نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو عارضی ریلیف دیتے ہوئے حاضری لگا کر واپس جانے کی اجازت دے دی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شیخ رشید احمد کو مقدمے میں آج فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا، گزشتہ سماعت پر طبیعت ناسازی کے باعث شیخ رشید پیش نہیں ہوئے تھے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج میری تاریخ تھی، میرے خلاف تمام جھوٹے مقدمات ہیں، ان کی کوئی بنیاد نہیں، پولیس بھی ہماری ہے، پولیس تھک گئی ہے، پولیس کا کوئی نقصان ہو تو وہ ہمارا نقصان ہے، یہ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، ان کے پاس الیکشن کی تیاری نہیں، صرف فراری ہے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے میرے گھر ڈکیتی ڈالی، میرے ٹیلی فون لے گئے، ان کو بس یہ دکھ ہے ان کی کوئی بات نہیں سن رہا، لوگ ان کی شکلیں دیکھنا پسند نہیں کرتے، جہاں یہ پریس کانفرنس کر رہے ہوتے ہیں لوگ چینل بدل لیتے ہیں، 11 ماہ میں ان کی کارکردگی صفر ہے، سارا ملک بیٹھ گیا ہے، ان کو پوری دنیا سے 5روپے بھی امداد نہیں ملی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ عمران خان کیلئے جیل جانا کوئی مسئلہ نہیں، حکمران عقل سے کام لیں، ملک کی معاشی، اقتصادی، سماجی کشتی ڈوب رہی ہے، اس وقت لوگ ملک میں شفاف الیکشن چاہتے ہیں، عمران خان الیکشن کے لئے تیار ہے، ہم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
 

Advertisement