لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج دونوں مقدمات میں حفاظتی ضمانت 27 مارچ تک منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان عدالت میں پیش ہو گئے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
عدالت عالیہ نے درخواستوں پر عمران خان کے دستخط کروانے کی ہدایت کی جس پر عمران خان نے درخواست اور حلف نامے پر دستخط کر دیئے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
عمران کے گارڈز سے متعلق عدالت کا استفسار
قبل ازیں سابق وزیرِ اعظم عمران خان اسلام آباد کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست کے لیے پیش ہوئے ہیں۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر عدالتِ عالیہ کے باہر اور اندر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ عمران خان کے ساتھ عدالت میں یہ گارڈز کس کے ہیں؟ اگر پولیس کے ہیں تو ٹھیک ہے، اگر پرائیویٹ گارڈز ہیں تو باہر جائیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ سر! یہ خان صاحب کی ذاتی سکیورٹی ہے جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ سکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار موجود ہیں۔
عمران خان ایک گھنٹہ قبل ہی عدالت میں پیش
عمران خان کو 2 بجے دن عدالت میں پیش ہونا تھا تاہم وہ لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے 1 گھنٹہ قبل ہی لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئے جبکہ عمران خان کی جیمر والی گاڑی کو ہائی کورٹ میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔