اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، جلاؤ گھیراؤ اور احتجاج پر درج 2 مقدمات میں 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی، شاہ محمود قریشی کی طرف سے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت فاضل جج نے استفسار کیا کہ ایف آئی آرز میں کیا الزام لگایا گیا ہے؟، جس پر وکیل نے کہا الزام ہے کہ شاہ محمود قریشی کی ایما اور سازش پر احتجاج ہوا۔
جج نے پوچھا کہ اس سازش کا گواہ کون ہے؟، دیکھ لیتے ہیں کس نے سازش کی اور کس نے حکم دیا، فی الحال تو عبوری ضمانت دے رہے ہیں۔
وکیل علی بخاری نے فاضل جج سے استدعا کی کہ کوئی لمبی تاریخ دے دیں، کیسز کافی ہو چکے ہیں۔
جج راجہ جواد عباس حسن نے کہا کہ کیسز تو واقعی کافی ہو گئے ہیں، ہمارے پاس سیکڑوں کیسز تو صرف ضمانتوں کے ہو گئے ہیں، 10 اپریل کی تاریخ رکھ رہے ہیں تاکہ آپ کے باقی کیسز بھی ساتھ رکھ لیں۔