راولپنڈی : (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سگو میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے تینوں جوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی عیسیٰ کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں حاضر و ریٹائرڈ فوجی افسران اور شہداءکے اہلخانہ نے شرکت کی ، تینوں جوانوں کو اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ہے ۔
اظہر اقبال کو لودھراں، نائیک محمد اسد کو میاں چنوں اور سپاہی عیسیٰ کو ان کے آبائی علاقے جنوبی وزیر ستان میں سپرد خاک کیا گیاہے ۔
آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ، یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری عزم اور ایمان کو مضبوط بناتی ہیں ،شہدا کی قربانیاں نئی نسل کے لیے پاکستان کو پرامن بنانے کے لیے ہیں۔