لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان گراؤنڈ میں سیاسی میدان سجا لیا، رکاوٹوں کے باوجود جلسے میں کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔
تحریک انصاف نے مینار پاکستان گراؤنڈ میں سیاسی پاور شو کا بھرپور مظاہرہ کیا، پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے باوجود کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچی، پارٹی قائدین کے بیٹھنے کیلئے بڑا سٹیج تیار کیا گیا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے جلسے کے چاروں اطراف میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے اس حوالے سے مانیٹرنگ کیلئے 50 سے زائد کیمرے نصب کیے گئے۔
تحریک ںصاف کا جلسہ لائیو دکھانے کیلئے کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں بھی بڑی سکرین نصب کی گئی، عمران خان کا خطاب سننے کیلئے عوام کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، خواتین کارکن کثیر تعداد میں شریک ہوئی، پی ٹی آئی کراچی کے رہنما بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا مینار پاکستان جلسہ، پنجاب حکومت نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا
پنجاب کی نگران حکومت نے تحریک انصاف کے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے شہر کے مختلف راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا تھا، اس کے علاوہ میٹرو بس سروس بھی محدود کر دی گئی، ریلوے سٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے راستے بند رکھے گئے، شاہ عالم مارکیٹ چوک، بانساں والا بازار چوک پر بھی دونوں اطراف کنٹینرز لگا دیئے گئے۔
لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، راوی پل بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بھی بند رہے، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جبکہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی بند کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جلسے کی اجازت کے باوجود رکاوٹیں پی ڈی ایم کی گھبراہٹ نہیں تو اور کیا ہے: شاہ محمود
دوسری جانب جلسے کے پیش نظر مختلف شہروں میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، اس دوران متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا، پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ پولیس اور انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود جلسہ ضرور ہوگا۔