اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کے حوالے سے دائر کی گئی تحریک انصاف کی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا۔
سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے تحریک انصاف کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر کوئی اعتراض بھی عائد نہیں کیا، سپریم کورٹ آئندہ ہفتے پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات سے متعلق اہم مقدمے کی سماعت کرے گی۔
واضح رہے سپریم کورٹ کے پنجاب میں عام انتخابات کروانے کے حکم کے باوجود الیکشن کمیشن نے چند روز قبل اچانک انتخابات کا شیڈول منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا تھا، الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ 30 اپریل کو پنجاب میں ہونے والے عام انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا گیا، اب پنجاب میں انتخابات کیلئے پولنگ 8 اکتوبر کو ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے الیکشن ملتوی ہونے پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی پنجاب نے امن وامان کی خراب صورت حال سے آگاہ کیا، انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 623 اہلکاروں کی بھی کمی ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ صرف فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے ہی یہ کمی پوری ہو سکتی ہے، وزارت داخلہ نے کہا کہ سول، آرمڈ فورسزاسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی، وزارت داخلہ کے مطابق فوج سرحدوں، اندرونی سکیورٹی، اہم تنصیبات کے تحفظ اور غیرملکیوں کی سکیورٹی پر مامور ہے۔