ہر کھیل کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اٹھائیں گے : وہاب ریاض

Published On 25 March,2023 02:04 am

لاہور ( ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ صوبے میں ہر کھیل کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدامات اٹھائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ٹیلنٹ آگے آئے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

مشیر کھیل نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سٹیڈیم میں نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے کے کام کا جائزہ لیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے انہیں ٹرف کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی ٹرف بیلجیئم سے منگوائی گئی ہے جو عالمی معیار کی ہے۔

اس موقع پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ہر کھیل کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدامات اٹھائیں گے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم تاریخی اہمیت کا حامل ہے، سٹیڈیم میں نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن سے بین الااقوامی ٹورنامنٹس بھی کرائے جاسکیں گے، نئی ٹرف سے ہاکی کے کھلاڑیوں کو سہولت ملے گی اور ان کا کھیل بھی بہتر ہوگا۔

Advertisement