لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ، گارڈن ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، مال روڈ، لکشمی چوک، جیل روڈ اور ایبٹ روڈ کے اطراف میں بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
بارش سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدو رفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔