گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ پولیس نے کیش وین سے 10 کروڑ 8 لاکھ روپے لوٹنے والے ڈاکؤوں کو گرفتار کر لیا۔
سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات کے ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضہ سے 9 کروڑ 74 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی گئی، ایک ماہ قبل ملزمان نے تتلے عالی کے علاقہ میں کیش وین کو لوٹ لیا تھا، کیش وین سے 10 کروڑ 8 لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
سی پی او گوجرانوالہ نے کہا کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے لاہور، وہاڑی اور شیخوپورہ میں رہ رہے تھے، پولیس نے سائنٹیفک انداز میں کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان نے لوٹی ہوئی رقم گھر کے صحن، گندم کے کھیتوں اور توڑی کے ڈھیر میں چھپا رکھی تھی، ان کی نشاندہی پر 9 کروڑ 74 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے، ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔