سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

Published On 26 March,2023 02:52 pm

سوات: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں آنیوالے زلزلے کی شدت 4.1ریکارڈکی گئی ، زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے ۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی زیر زمین گہرائی 96کلومیٹر رہی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

زلزلے سے تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ 

آج صبح بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی تھی ۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 160 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔