سول سوسائٹی وفد کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات، الیکشن کیلئے لائحہ عمل بنانے پر زور

Published On 26 March,2023 09:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابی عمل کو جاری رکھنے کیلئے سول سوسائٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد "میڈی ایٹرز" نے ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد کا دورہ کیا جہاں سینئر ڈپٹی کنوینرز مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے وفد میں شامل سینئر صحافی مظہر عباس، صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ، صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے اسد اقبال بٹ، عورت فاؤنڈیشن کی مہناز رحمان اور دیگر کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سول سوسائٹی کے وفد نے کہا کہ 50 برس سے زائد عرصے سے ملک میں جمہوریت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، یک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر ایک آل پارٹیز کانفرنس کریں، انتخابات کے فریم ورک اور اس کے وقت کے تعین کیلئے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیں۔

ایم کیو ایم کے کنوینر و ڈپٹی کنوینرز نے سول سوسائٹی کی جانب سے جمہوریت کو پروان چڑھانے کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسائل پر اپنی آواز بلند کریں، ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں تک شہری سندھ کا یہ مقدمہ رکھیں تاکہ جمہوریت کو استحکام ملے۔
 

Advertisement