حیدرآباد: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کر لیا، نئے آرڈیننس کے تحت جرمانہ، گرفتاری اور اشیاء کی سرکاری نرخوں پر نیلامی ہوگی۔
چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کے زیر صدارت قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری زراعت ، کمشنر کراچی، سیکرٹری انڈسٹریز سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا کیسز میں اچانک اضافہ ہونے لگا
چیف سیکرٹری سندھ نے ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں منافع خوروں پر نئے آرڈیننس کے تحت کاروائی کی جائے، جرمانہ کی حد 1 لاکھ روپے کی گئی ہے، اس کے علاوہ دکان کو 30 روز کے لئے سیل کر کے تمام اشیاء کی سرکاری نرخوں پر نیلامی کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کل سے محکمہ زراعت اور محکمہ لیبر کے افسران بھی ماہ رمضان میں ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کام کریں گے، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مزید نئے روٹس پر پیپلز الیکٹرک بس چلانے کا فیصلہ
چیف سیکرٹری سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچت بازاروں میں آٹا، گھی، چینی سمیت ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ صوبہ سندھ میں 78 لاکھ گھرانوں کو آٹے کی مد میں سبسڈی کی منظوری دی گئی ہے۔