نواز شریف مفرور مجرم، جب بھی آئیں گے سیدھے جیل جائیں گے، پرویز الٰہی

Published On 30 March,2023 09:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف آئین اور قانون کے مفرور مجرم، جب بھی واپس آئیں گے سیدھے جیل ہی جائیں گے۔

چودھری پرویز الٰہی سے سابق قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران سابق ایم این اے چودھری عامر سلطان چیمہ، سابق صوبائی وزیر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، صفدر بوسال ایڈووکیٹ، رائے ممتاز بابر اور نادر دوگل ایڈووکیٹ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا حکومتی بل نوازشریف کو ایک اور این آر او دینے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پنجاب میں الیکشن سے فرار چاہتی ہے، نواز شریف آئین اور قانون کے مفرور مجرم ہیں، نوازشریف جب بھی واپس آئیں گے سیدھے جیل ہی جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بینچ سے فرق نہیں پڑتا، الیکشن آئین کے مطابق ہوں گے یا نہیں؟: عمران خان

چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا پارلیمنٹ سپریم ضرور ہے لیکن حکومت کو معلوم ہونا چاہئے کہ سپریم کورٹ بھی سپریم ہے، پارلیمنٹ بھی سپریم کورٹ کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سمیت پوری پی ڈی ایم سپریم کورٹ کو آئین کی پاسداری سے روکنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم سپریم کورٹ کو بینچوں کی بحث میں الجھا کر پنجاب میں الیکشن سے فرار چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس، عمران خان سے پوچھے گئے نیب کے سوالات سامنے آ گئے

پرویز الٰہی نے کہا آئینی طور پر آئین کی تشریح کا اختیار صرف سپریم کورٹ کے پاس ہے، پی ڈی ایم حکومت الیکشن روک کر قومی سلامتی سے کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ابھی تک الیکشن کے سوا سیاسی بحران ختم کرنے کا کوئی اور حل دریافت نہیں ہوا، بدنیتی پر مبنی قانون سازی کی کوئی آئینی حیثیت نہیں چاہے، وہ پارلیمنٹ ہی کیوں نہ کرے۔