پشاور: (دنیا نیوز) اے این پی کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست قاضی جواد احسان اللہ اور محمد وقاص کی وساطت سے دائر کی گئی ہے، درخواست پر سماعت 13 اپریل کو ہو گی۔
ایمل ولی خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ تحائف غیر قانونی فروخت کئے، این اے 45 کرم کی کاغذات نامزدگی میں اہلیہ کے 70 لاکھ مالیت کی جیولری ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: تخت لاہور کی لڑائی پورے ملک کو لے ڈوبے گی: بلاول بھٹو زرداری
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان نے کرم سمیت 7 حلقوں کے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے ، عمران خان کو پارٹی کی قیادت سے ہٹایا جائے اور بطور چیئرمین اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم توشہ خانہ کیس میں قیمتی تحائف چھپانے کے جرم میں نااہل قرار دیے جا چکے ہیں، پشاور عدالت میں ان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ کی سماعت بھی جاری ہے، عمران خان عوامی اعتماد کا غلط استعمال اور اعتماد کو ٹھیس پہنچا کر خود نااہلی کا مرتکب ہو چکا ہے۔