لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کمشنر لاہور کو ڈی جی ایل ڈی اے کا اضافی چارج دینے کے خلاف درخواست پر حکومت پنجاب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کمشنر لاہور کو ڈی جی ایل ڈی اے کا اضافی چارج دینے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار سید معظم علی شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ کمشنر لاہور کو ڈی جی ایل ڈی اے کا اضافی چارج دیا جانا قوانین کی خلاف ورزی ہے، کمشنر لاہور نے ایل ڈی اے کے عملے کو آٹے کی تقسیم میں لگا رکھا ہے، مستقل ڈی جی ایل ڈی اے اور عملے کی عدم دستیابی سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے، مستقل ڈی جی کی عدم تعیناتی سے اصلاحات کمیٹی کا ایک بھی اجلاس نہیں ہو سکا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت کمشنر لاہور سے اضافی چارج واپس لینے اور مستقل ڈی جی ایل ڈی اے کی تعیناتی کا حکم دے۔
عدالت نے حکومت پنجاب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں جواب طلب کر لیا۔