لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات پر پنجاب پولیس نے انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں ورکنگ مکمل کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس الیکشن کمیشن کے پلان کے تحت سکیورٹی فراہم نہیں کر سکے گی، الیکشن کمیشن نے 53 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز میں سے 30 فیصد پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے۔
حساس پولنگ سٹیشنز پر 11 اہلکار، کم حساس پر 8 اور پُر امن پولنگ سٹیشنز پر 5 اہلکار مانگے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی پلاننگ کے تحت پنجاب پولیس سے 4 لاکھ کے قریب نفری مانگی گئی ہے، پنجاب پولیس کے موجودہ وسائل میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں 1 لاکھ کے قریب سکیورٹی اہلکار الیکشن کے لیے دیے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کو 10 اپریل تک انتخابات کیلئے فنڈز ملنے کے امکانات نہیں
36 ہزار سے زائد اہلکار لاہور پولیس میں الیکشن کے انعقاد کے لئے ڈیوٹیاں سرانجام دے سکتے ہیں، 50 ہزار ملازمین الیکشن سے قبل ریلیوں اور جلسے جلوسوں کے لیے سکیورٹی ڈیوٹیوں پر تعینات کئے جائیں گے۔
الیکشن ڈیوٹی پر ضلعی پولیس، پنجاب کانسٹیبلری، ایس پی یو، پی ایچ پی اور زیر تربیت اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردی کے پیش نظر ساڑھے 7 ہزار اہلکار حساس مقامات پر تعینات ہوں گے، مردم شماری کے دوران 48 ہزار کی نفری فراہم کی جاسکی تھی، 10اپریل تک آئی جی پنجاب موجودہ وسائل میں سکیورٹی پلان فراہم کر دیں گے۔