شبلی فراز کا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت کو منتقل

Published On 10 April,2023 11:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز کا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت کو منتقل کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے شبلی فراز کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، شبلی فراز وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس طرح کے دوسرے کیسز جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، ایک ہی قسم کی ایف آئی آر ہے تو اسی بنچ میں بھجوا دیتا ہوں ۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمر ایوب کا اسی طرح کا کیس دوسرے بنچ میں ہے، شبلی فراز کا کیس جسٹس بابر ستار کی عدالت میں مقرر کردیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ بابر ستار صاحب تو چھٹیوں پر ہیں، اگر ہنگامی نوعیت ہے تو جسٹس ارباب طاہر کی عدالت میں کل کے لئے مقرر کرتے ہیں۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت کو بھجوا دیا۔