عالمی پیغام اسلام کانفرنس میں انتہا پسندی، دہشتگردی، فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمہ پر زور

Published On 10 April,2023 10:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام عالمی پیغام اسلام کانفرنس میں شرکا نے انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے پر زور دیا۔

کانفرنس میں مقررین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل کیلئے مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد وقت کی ضرورت ہے، سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی مثبت قدم ہے، سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن خدمات پر 2022-23 کیلئے امیر محمد بن سلمان کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کہاں پہنچ گئی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

کانفرنس کی صدارت صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کی، کانفرنس سے سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی اور دیگر نے خطاب کیا، فلسطین کے سفیر احمد رباعی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بھی خطاب کیا، کانفرنس میں انتہا پسندی، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوج کو خراج تحسین کے لیے قرار داد پیش کی گئی۔

قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان عالم اسلام کا عظیم ترین ملک ہے، پاکستان کی سلامتی و استحکام امت مسلمہ کو بہت عزیز ہے، پاک فوج اور سلامتی کے اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو روکنا اور بے نقاب کرنا ہوگا، علماء و مشائخ پاکستان کی افواج اور سلامتی کے اداروں کے خلاف ہر قسم کے منفی پراپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: طیبہ گل ہراساں کیس: عمران خان اور سابق چیئرمین نیب کو طلب کر لیا گیا

قرارداد پاک فوج اور اس کی قیادت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، او آئی سی اسرائیلی اور بھارتی مظالم کے خلاف اسلامی اور عالمی دنیا فوری طور پر اقدامات اٹھائے۔

کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایران سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس حوالہ سے پاکستان کے عظیم ترین دوست چین کی کوششوں کی تحسین کرتے ہیں۔

کانفرنس سے خطاب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی مذاکراتی عمل کا آغاز کریں، تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہے اور مذاکراتی عمل سے مسائل حل ہوں گے۔