"سوفٹ کو" کے ذریعے نواز شریف اور عمران خان کو نکالا گیا: مشاہد حسین

Published On 11 April,2023 10:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ 2017 میں "سوفٹ کو" کے ذریعے نواز شریف کو نکالا گیا، "سوفٹ کو" کے ذریعے پھرعمران خان کو نکالا گیا۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ اس وقت ملک کی بقا کیلئے مفاہمت کی ضرورت ہے، میں پاکستان میں گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کر رہا ہوں، الیکشن سے پہلے 3 بنیادی اصول طے کر لیے جائیں، الیکشن سے پہلے رولز آف دی گیم طے کرنے چاہیئں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید نے مزید کہا کہ اداروں کے خلاف بیانات ملکی مفاد میں نہیں ہیں، یہ سیاسی جنگ ہے پولرائزیشن ہے، سیاسی مسئلہ ہے اس مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنا چاہیے، حکومت کو بڑے دل سے سوچنا چاہیے، حکومت کو بڑے دل کے ساتھ قدم اٹھانا چاہیے۔

سینیٹر مشاہد حسین نے کہا ماضی میں دہشت گردوں سے بات چیت ہوئی تو اپنے لوگوں سے کیوں نہیں، ڈائیلاگ جمہوریت کا تقاضا بھی ہے، اب ہمیں معاف کر کے آگے چلنا ہو گا، انتخابات ہی واحد راستہ ہیں جس سے ملک میں استحکام آئے گا، یہ ویسے بھی الیکشن کا سال ہے ٹائمنگ پر بات ہو سکتی ہے۔