اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور صوفیہ میں منعقد ہوا، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) محمد سلیم نے کی جبکہ بلغاریہ کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (دو طرفہ تعلقات) پیٹر کریچیف نے اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: "سوفٹ کو" کے ذریعے نواز شریف اور عمران خان کو نکالا گیا: مشاہد حسین
فریقین نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، زراعت، آئی سی ٹی اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کرنے کے باہمی عزم کا اعادہ کیا، فریقین نے پاکستان بلغاریہ بین الحکومتی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد بلانے کی اہمیت اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان فعال روابط پر اتفاق کیا۔
بلغاریہ میں لیبر کی موجودہ کمی کو پورا کرنے کے لیے پاکستانی افرادی قوت کو بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستانی وفد نے بلغاریہ کا یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے فعال روابط بالخصوص جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تناظر میں معاون کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) April 11, 2023
اس موقع پر امن و سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز بالخصوص اقوام متحدہ میں قریبی تعاون کو برقرار رکھنے میں اپنی گہری دلچسپی پر بھی زور دیا۔