اسلام آباد: (دنیانیوز) حکومت نے عیدالفطر سے قبل سرکاری ملازمین کوتنخواہیں اور پنشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے درمیان اس حوالے سے مشاورت ہوئی جس میں سرکاری ملازمین کو عیدالفطر سے قبل ماہ اپریل کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
مشاورت میں ماہانہ پنشن کی ادائیگی بھی عیدالفطر سے پہلے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملازمین اور پینشنرز کی سہولت کے لئے سرکاری ملازمین کو عیدالفطر سے قبل تنخواہ اور ماہانہ پنشن ادا کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملازمین اور پینشنرز کی سہولت کے لئے سرکاری ملازمین کو عیدالفطر سے قبل تنخواہ اور ماہانہ پینشن ادا کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بدھ کو باضابطہ ہدایت کی ہے۔ وزیر خزانہ نے وزیراعظم کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی ہے
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 12, 2023
یادرہے کہ سندھ حکومت پہلے ہی ملازمین کو عیدالفطر سے قبل تنخواہ اور ماہانہ پنشن دینے کااعلان کرچکی ہے ۔