کراچی : سی ویو پر پکنک مناتے 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق، 3 لاپتہ بچے مل گئے

Published On 05 May,2022 09:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) سمندر کی بے رحم موجیں پھر کئی زندگیاں نگل گئیں، کراچی کے سی ویو پرپکنک مناتے دو نوجوان ڈوب گئے، بائیس سالہ شہزاد کی لاش مل گئی، دانیال کی تلاش جاری ہے، ساحل پر لاپتہ ہونے والے تینوں بچوں کو تلاش کر لیا گیا جنہیں ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

شہر قائد میں عید پر افسوس ناک واقعہ، انتظامی لاپرواہی کے باعث سمندر میں نہانے کی کھلی آزادی کے سبب سی ویو پر پکنک منانے کیلئے آنے والے دو لڑکے سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ کئی گھنٹے کی جہدوجہد کے بعد فلاحی اداروں کے غوطہ خوروں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہزاد سونو نامی لڑکے کی لاش نکال لی، ڈوبنے والے دوسرے لڑکے دانیال کی تلاش میں غوطہ خوروں کو کامیابی نہ مل سکی۔

ورثا کا کہنا ہے کہ عید کے دوسرے روز پپری کے علاقے سے پکنک منانے کیلئے سی وی او آئے تھے۔ بدھ کی دوپہر دونوں لڑکوں کے ڈوبنے کی پولیس کو اطلاع دی مگر کسی نے مدد نہیں کی۔ پولیس کے مطابق ڈوبنے والے دونوں لڑکوں کا تعلق پپری سے ہے، شہزاد سونو دو بھائیوں میں بڑا اور کباڑ کا کام کرتا تھا۔ ڈوبنے والے دوسرے لڑکے کی تلاش کرنے کیلئے ریسیکیو آپریشن جاری ہے۔

عید کے دوسرے روز ساحل سمندر پر پکنک منانے آنے والے 3 بچے لاپتہ ہو گئے تھے جنہیں پولیس نے تلاش کر کے ورثا کے حوالے کر دیا۔

 

Advertisement