لاہور: (دنیا نیوز) میٹھی عید کے دوسرے دن کو بھی شہریوں نے بھرپور طریقے سے منانے کا پلان بنا لیا، کہیں سیر سپاٹے تو کہیں دعوتوں کے دوران ہلے گلے کا پروگرام ہے۔
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے دوسرے روز میلے سج گئے ہیں، بچہ پارٹی اپنی عیدی لیکر ان میلوں میں پہنچ چکی ہے جہاں وہ مختلف انداز سے اپنی عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، کسی کو گھوڑے پر سواری کرنی ہے تو کسی کا سب سے اونچے جھولے میں بیٹھنے کا من للچا رہا ہے۔ گول گپے، دہی بھلے، آئس کریم ، قتلمے سمیت عید کی دیگر سوغاتیں بچوں کو اپنی جانب کھینچ رہی ہیں۔
یار دوستوں نے سینماگھروں میں ڈیرے ڈالنے کا ارادہ کر لیا، مل جل کر فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا رخ کریں گے اور گپ شپ لڑا کر من ہلکا کریں گے۔ بڑے بزرگ بھی اپنی منڈلیاں لگائے بیٹھے ہیں اور اپنی دلچسپیوں میں مگن ہیں۔
خواتین اور لڑکیاں بھی کسی سے پیچھے نہیں، میک اپ اور من پسند ملبوسات پہنے سج دھج دکھا رہی ہیں، ہاتھوں پر لگی مہندی کا ڈیزائن کس کا زیادہ خوبصورت بنا، اس پر ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش میں ہیں، خواتین کا باورچی خانے سے ناطہ آج بھی جڑا ہے، نئے نئے کھانے تیار کر کے اپنے عزیز رشتے داروں کی خاطر مدارت کی تیاریوں میں ہیں۔کہیں کوئی کمی نہ رہ جائے، سبھی کا اس پر دھیان ہے۔