عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے ملک بھر سے سیاح آزادکشمیر پہنچ گئے

Published On 05 May,2022 10:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے آزاد کشمیر میں ملک بھر سے سیاح بھی عید کی چھٹیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تفریحی مقامات پر پہنچ گئے جہاں وہ قدرتی حسن سے مالامال علاقوں میں موج اڑا رہے ہیں۔

راولاکوٹ کے نواحی علاقے پونھ میں چھوٹہ گلہ کے مقام پر گھنے جنگلات، بلند پہاڑوں اور سحر طاری کرتی خاموشی کی حامل بنجھوسہ جھیل پر سیر و تفریح کی غرض سے سال بھر لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے مگر عید کے دنوں میں یہاں میلے کا سا سماں بندھ جاتا ہے۔

مقامی لوگ جھیل پر آنے والے سیاحوں کا ڈھول اور ساز کے ساتھ استقبال کرتے ہیں جبکہ یہاں آنے والے کشتی پر بیٹھے جھیل کا چکر لگاتے، پکوانوں کا لطف اٹھاتے اور ان حسیں لمحات کی یادیں سمیٹنے کے لئے تصاویر بنواتے نظر آتے ہیں۔

بنجھوسہ جھیل کے ساتھ عید کے دنوں میں بھمبھر سے تاوبٹ تک تفریحی مقامات پر بھی سیاحتی اور تفریحی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
 

Advertisement