اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے پی ٹی آئی رہنما کے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پولیس نے علی امین گنڈاپور کو عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر نے اسلحہ برآمدگی کے لئے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جب کہ ان کے وکیل بابر اعوان نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ آپ دو دن سے کیا کرتے رہے ہیں؟َ اس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور کا وائس میچ کرالیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔
اس کے علاوہ عدالت نے بھکر پولیس کی جانب سے علی امین گنڈاپور کے 3 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا بھی مسترد کر دی۔