کوئٹہ : (دنیانیوز) بلوچستان پولیس کا انقلابی اقدام ، پاکستان کا پہلا اینٹی رائٹ ویمن یونٹ قائم کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان کوئٹہ کے مطابق بلوچستان پولیس کی پہلی اینٹی رائٹ ویمن یونٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی ، لیڈیز کانسٹیبلز پر مشتمل اینٹی رائٹ ویمن ونگ میں 40 تربیت یافتہ خواتین کیڈٹس شامل کی گئی ہیں۔
ان خواتین پولیس اہلکاروں کو ہنگاموں، بدامنی کے حالات اور شرپسندوں سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
ویمن اینٹی رائٹ ونگ قائم کرنا جدید دور کے عسکری تقاضوں میں سے ایک ہے، خواتین اہلکاروں کو اینٹی رائٹ ساز و سامان اور آلات سے بھی لیس کیا گیا ہے، پاکستان میں اس طرح کے خصوصی یونٹ کی پہلے کوئی مثال موجود نہیں۔
ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق یہ یونٹ ابتدائی طور پر کوئٹہ پولیس میں قائم کیا گیا ہے، بعد ازاں اس کا دائرہ ڈویژن اور پھر بلوچستان کے ہر ضلع کی سطح پر لے جایا جائے گا۔