مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی نا اہلی کے بعد پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں نے نئے وزیر اعظم کے ناموں کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی ہے، پی ٹی آئی قانون ساز اسمبلی میں اب بھی اکثریتی پارٹی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی جان سے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو نا اہل قرار دینے کے فیصلے کے بعد تخت مظفر آباد پر نیا حکمران کون ہو گا اس پر بحث جاری ہے، قانون ساز اسمبلی میں حکمران جماعت پی ٹی آئی اور اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت نے سر جوڑ لیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے تنویر الیاس کی عہدے پر فوری بحالی کی درخواست مسترد کردی
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ایک بار پھر نمبر گیم اہمیت اختیار کر گئی ہے، سردار تنویر الیاس کی عدالتی فیصلے کے بعد اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے کے بعد ایوان میں ارکان اسمبلی کی تعداد 52 رہ گئی ہے، نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے 27 ووٹ درکار ہوں گے، موجودہ پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 31 ارکان کے ساتھ اب بھی قانون ساز اسمبلی میں اکثریتی پارٹی ہے۔
دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں میں پیپلزپارٹی کی 12 اور مسلم لیگ نون کی 7 نشستیں ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک، ایک سیٹ ہے، نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار کا فیصلہ چیئرمین عمران خان جبکہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار کا فیصلہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت سے ہو گا۔